آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ : پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن بہتر

دبئی: عالمی کرکٹ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کا اثر آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں بھی دکھائی دینے لگا، قومی بیٹرز اور بولرز نے مختلف کیٹیگریز میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں بابر اعظم بدستور دنیا کے دس نمایاں ون ڈے بلے بازوں میں شامل ہیں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔ سلمان علی آغا بھی 13ویں پوزیشن کے ساتھ اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

فخر زمان کی حالیہ کارکردگی نے انہیں رینکنگ میں نمایاں فائدہ پہنچایا ہے۔ وہ ایک ہی اپ ڈیٹ میں 9 درجے آگے بڑھ کر 37ویں نمبر پر آگئے ہیں، جو پاکستانی بیٹرز میں نمایاں پیش رفت ہے۔

بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ اوپر آکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ ابرار احمد چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ حارث رؤف نے بھی پانچ درجے بہتری کے بعد 24ویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی کی پوزیشن میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹی 20 فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی بھی توجہ کا مرکز ہے، وہ بیٹنگ رینکنگ میں 883 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس فہرست میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلی پوزیشن پر ہیں۔

یوں آئی سی سی کی نئی درجہ بندی میں پاکستان کے مختلف کھلاڑیوں نے اپنی انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کی ہے۔