اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر ایک اہم نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت کسی ناگہانی صورتحال میں کامیاب حج درخواست گزار اپنی جگہ قریبی رشتہ دار کو بطور متبادل نامزد کرسکے گا۔
نئے نظام کے تحت حج درخواست گزار کی وفات یا کسی طبی مجبوری کی صورت میں متبادل درخواست آن لائن جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے عازمین اور ان کے اہل خانہ کو دفتری کارروائیوں سے بڑی حد تک نجات ملنے کی توقع ہے۔
وزارت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے طریقہ کار کے تحت چند شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔
ان شرائط کے مطابق کامیاب حج درخواست گزار کسی ناگہانی صورتحال میں اپنے قریبی رشتہ دار کو متبادل نامزد کرسکے گا۔ اگر حج درخواست گزار کا انتقال ہوجائے تو اس کا قریبی رشتہ دار بھی آن لائن متبادل درخواست جمع کروا سکے گا۔
متبادل بننے والے شخص کا حج ڈیجیٹل پورٹل پر پہلے سے رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔ تبدیلی کی وجہ کے ثبوت کے طور پر میڈیکل رپورٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ یا متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں پہلے سے جمع شدہ حج واجبات متبادل عازم کے لیے استعمال کیے جائیں گے، دوبارہ مکمل رقم جمع نہیں کروانا ہوگی۔
اہم بات: یہ سہولت فی الحال حج ڈیجیٹل پورٹل پر فعال کی گئی ہے جبکہ پاک حج موبائل ایپ پر بھی جلد فراہم کی جائے گی۔


