کیلیفورنیا: دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے، جس کی مدد سے صارفین کسی کی چیٹ کھولے بغیر ہی اس کے نئے پیغامات پڑھ سکیں گے اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ پیغام دیکھنے کے باوجود سامنے والے شخص کو بلیو ٹک بھی نہیں دکھائی دے گا۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اس نئے فیچر کی آزمائش کررہا ہے، جس کے بعد صارفین کو کسی گفتگو کے تازہ پیغامات دیکھنے کے لیے پوری چیٹ کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ سہولت خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے جو پیغامات پڑھنا تو چاہتے ہیں لیکن فوری جواب دینے یا دوسرے شخص کو میسج پڑھے جانے کا پتا چلنے سے بچنا چاہتے ہیں۔
چیٹ پر انگلی رکھیں اور پیغامات پڑھ لیں
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویبیٹا انفو نے واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.44.11 میں اس نئے فیچر کی نشاندہی کی ہے۔
اس فیچر کے تحت صارف کو واٹس ایپ کی چیٹ لسٹ میں کسی گفتگو پر انگلی رکھ کر کچھ دیر دبانا ہوگا۔ اس کے بعد متعلقہ چیٹ کے اوپر ایک چھوٹا سا پری ویو کارڈ نمودار ہوگا، جس میں اس گفتگو کے حالیہ پیغامات دیکھے جاسکیں گے۔
اس طرح صارف کو پیغامات پڑھنے کے لیے مکمل چیٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پیغام پڑھنے کے باوجود بلیو ٹک نہیں جائے گا
اس نئے فیچر کی سب سے دلچسپ بات اس کا ریڈ رِسیپٹس یعنی بلیو ٹک سے متعلق نظام ہے۔
عام طور پر جب کوئی صارف واٹس ایپ پر کسی کی چیٹ کھول کر پیغام پڑھتا ہے تو سامنے والے شخص کو بلیو ٹک نظر آجاتا ہے، بشرطیکہ دونوں جانب ریڈ رِسیپٹس فعال ہوں۔
تاہم نئے چیٹ پری ویو فیچر میں پیغامات دیکھنے سے ریڈ رِسیپٹس فعال نہیں ہوں گے اور بھیجنے والے کو پیغام پڑھے جانے کی اطلاع نہیں ملے گی۔
پیغام اس وقت پڑھا ہوا تصور ہوگا جب صارف معمول کے مطابق متعلقہ چیٹ کھولے گا۔
اس سہولت سے صارفین کو یہ آزادی مل سکتی ہے کہ وہ پہلے پیغام دیکھ لیں اور پھر اپنی سہولت کے مطابق جواب دیں۔
پن، آرکائیو، میوٹ اور ڈیلیٹ کے آپشن
نئے فیچر کے ساتھ واٹس ایپ چیٹس کو منظم کرنے کے لیے بھی کئی سہولتیں فراہم کرسکتا ہے۔
پری ویو کارڈ کے نیچے موجود مینو کے ذریعے صارفین کو چیٹ کو پن کرنے، گفتگو کو ٓرکائیو کرنے، چیٹ میوٹ کرنے ، ڈیلیٹ کرنے اور میسیج پڑھے یا بغیر پڑھے نشان زد کرنے جیسے اختیارات ملنے کی توقع ہے
اس کے علاوہ مور آپشنز میں چیٹ لاک کرنے، کسی مخصوص فہرست میں شامل کرنے، چیٹ کی معلومات دیکھنے اور موبائل کی ہوم اسکرین پر چیٹ کا شارٹ کٹ بنانے جیسے اختیارات بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
آئی فون صارفین پہلے ہی دستیاب
دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ کے آئی فون ورژن میں چیٹ پری ویو کی ملتی جلتی سہولت پہلے سے موجود ہے۔
آئی فون صارفین کسی گفتگو پر دیر تک انگلی رکھ کر ایک علیحدہ ونڈو میں اس کے حالیہ پیغامات دیکھ سکتے ہیں۔
تاہم آئی فون کے موجودہ پری ویو میں پیغامات کو اوپر نیچے اسکرول کرنے کی سہولت محدود ہے، جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے تیار کیے جانے والے نئے فیچر میں صارفین پری ویو کارڈ کے اندر اسکرول کرکے پرانے پیغامات بھی دیکھ سکیں گے۔
یہی خصوصیت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اس اپ ڈیٹ کو مزید مفید بنا سکتی ہے۔
فیچر کب تک دستیاب ہوگا؟
فی الحال واٹس ایپ کا یہ فیچر ابتدائی ڈیولپمنٹ مرحلے میں ہے اور ابھی اسے عام صارفین یا عوامی بیٹا ٹیسٹنگ کے لیے بھی جاری نہیں کیا گیا۔کمپنی نے اس کی باضابطہ لانچنگ کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ ابتدائی آزمائش کے دوران سامنے آنے والی سہولتوں میں تبدیلی ہوسکتی ہے اور ضروری نہیں کہ موجودہ تمام اختیارات حتمی اپ ڈیٹ میں بھی شامل کیے جائیں۔
تاہم اگر یہ فیچر باقاعدہ متعارف ہوگیا تو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ استعمال کرنے کا انداز مزید آسان ہوسکتا ہے۔


