کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی آل ٹائم ورلڈ ٹیسٹ پلیئنگ الیون کا انتخاب کر لیا ہے، جس میں دنیا کے کئی عظیم کرکٹرز کو جگہ دی گئی ہے۔ حیران کن طور پر آفریدی کی منتخب کردہ ٹیم میں بھارت کی جانب سے صرف ایک کھلاڑی، سچن ٹنڈولکر شامل ہیں۔
شاہد آفریدی نے اوپننگ کے لیے پاکستان کے سابق مایہ ناز بلے باز سعید انور اور آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ کا انتخاب کیا ہے۔ تیسرے نمبر پر آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ جبکہ چوتھے نمبر پر بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو جگہ دی گئی ہے۔
ٹیم میں پانچویں نمبر پر پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر کی حیثیت سے جنوبی افریقہ کے عظیم کھلاڑی جیک کیلس کو منتخب کیا گیا ہے۔
وکٹ کیپر کے انتخاب نے شائقین کو حیران کر دیا
شاہد آفریدی نے اپنی آل ٹائم ٹیسٹ الیون میں وکٹ کیپر کی ذمہ داری پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کو سونپی ہے۔ ان کا یہ انتخاب کرکٹ شائقین کے لیے خاصا دلچسپ رہا، کیونکہ اس پوزیشن کے لیے دنیا کے کئی نامور وکٹ کیپرز بھی زیر غور آ سکتے تھے۔
فاسٹ بولنگ کے شعبے میں آفریدی نے پاکستان کے وسیم اکرم اور شعیب اختر کے ساتھ آسٹریلیا کے گلین میک گرا کو شامل کیا ہے۔
اس کے علاوہ اسپن بولنگ کے لیے آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کو منتخب کیا گیا ہے۔ یوں آفریدی کی ٹیم میں ایک ہی اسپیشلسٹ اسپنر کو جگہ ملی ہے۔
سچن ٹنڈولکر عظیم ترین بلے باز قرار
شاہد آفریدی نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں دنیا کا عظیم ترین بلے باز قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سچن کا ریکارڈ دیکھا جائے تو وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ وہ جس قدر شاندار ہو سکتے تھے، اتنے ہی شاندار تھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور میرے پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔
انضمام الحق بہترین مڈل آرڈر بلے باز
سابق پاکستانی کپتان نے انضمام الحق کو عالمی کرکٹ کا بہترین مڈل آرڈر بلے باز قرار دیا۔
آفریدی کے مطابق انضمام الحق کی مڈل آرڈر میں کارکردگی اور صلاحیت انہیں دنیا کے عظیم بلے بازوں میں ممتاز مقام دیتی ہے۔
شاہد آفریدی کی منتخب کردہ آل ٹائم ورلڈ ٹیسٹ الیون میں سعید انور (پاکستان)،ایڈم گلکرسٹ (آسٹریلیا)، رکی پونٹنگ (آسٹریلیا)،سچن ٹنڈولکر (بھارت)، انضمام الحق (پاکستان)، جیک کیلس (جنوبی افریقا)، راشد لطیف (پاکستان، وکٹ کیپر)، وسیم اکرم (پاکستان)، گلین میک گرا (آسٹریلیا)، شعیب اختر (پاکستان)، شین وارن (آسٹریلیا) شامل ہیں
اس طرح بوم بوم آفریدی کی اس ٹیم میں پاکستان کے 5، آسٹریلیا کے چار، بھارت اور جنوبی افریقا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔


