راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ سے عبداللہ فضل اور علی عثمان کو ریلیز کر دیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ جوائن کرنے سے قبل ہی واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پیٹرنز الیون کے دو فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، دونوں فاسٹ بولرز نے اسلام آباد میں ٹیم کو جوائن بھی کر لیا ہے۔
عبداللہ فضل کی جگہ طیب عارف کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ علی عثمان کی جگہ عامر جمال کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کو ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے عبداللہ فضل اور علی عثمان کو ریلیز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ نے مبینہ طور پر کھلاڑیوں کو بتایا کہ راولپنڈی میں گرین ٹاپ وکٹ تیار کی جا رہی ہے، اس لیے فی الحال ان کی ضرورت نہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جس سے قبل قومی ٹیم کی تیاریوں اور اسکواڈ میں تبدیلیوں نے کرکٹ حلقوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔


