شمالی وزیرستان میں مساجد کی آڑ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے: گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کردیے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کی گئی۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ دہشت گردوں نے مساجد کی عمارتوں کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کر رکھا تھا، جہاں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے علاوہ مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ان دونوں مقامات کو کلیئر کرنے کے بعد علاقے میں مزید مشتبہ ٹھکانوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔

فوجی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے عبادت گاہوں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کرنا مذہبی مقامات کی حرمت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف کرتے ہیں اور ان کی کارروائیوں کو خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں۔