ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے، تاہم اس مرتبہ معاملہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ان کی آنے والی فلم کے ایک نئے گانے سے متعلق ہے۔ فلم ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کا رومانوی گانا ’تیری سیکسی بیوٹی‘ ریلیز ہوتے ہی تنازع کا شکار ہوگیا، جس پر صارفین نے فلم کے موضوع اور گانے کے انداز کے درمیان واضح تضاد کی نشاندہی کی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کے مطابق سلمان خان نے 4 نومبر کی صبح فلم کا نیا گانا ریلیز کیا، جس میں وہ اداکارہ چترانگدا سنگھ کے ساتھ رومانوی انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔
اس گانے کی خاص بات یہ بھی ہے کہ سلمان خان تقریباً 11 سال بعد دوبارہ پلے بیک گلوکاری کرتے نظر آئے ہیں، تاہم ان کی گلوکاری سے زیادہ گانے کے بول اور فلم میں اس کی شمولیت زیر بحث آگئی ہے۔
گانے میں سلمان خان کے ساتھ گلوکارہ مسکان کی آواز بھی شامل ہے، جبکہ ساجد خان نے اضافی آواز دی ہے۔
ویڈیو میں چترانگدا سنگھ سرخ ساڑھی میں دکھائی دیتی ہیں اور سلمان خان کے ساتھ رقص اور رومانوی مناظر بھی فلمائے گئے ہیں۔ گانے میں دونوں کرداروں کو مشروبات سے لطف اندوز ہوتے اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دکھایا گیا ہے۔
سلمان خان نے گانے کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں لکھا کہ صبح 5 بج کر 12 منٹ پر روانگی کا وقت ہے، پرواز وقت پر ہے، دو پیگ لگانے کے بعد اپنی خوبصورت ساتھی کے ساتھ اڑان بھر رہا ہوں، معلوم نہیں کہاں جا کر اتروں گا۔
تاہم گانے کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھانا شروع کردیے کہ آخر 2020 میں وادی گلوان میں بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ پر مبنی فلم میں اس نوعیت کے رومانوی گانے کی کیا ضرورت تھی؟
یاد رہے کہ فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گلوان‘ رکھا گیا تھا، جسے بعد میں تبدیل کرکے ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کردیا گیا۔ فلم 2020 کی گلوان جھڑپ کے پس منظر میں بنائی جارہی ہے، جس میں بھارتی فوج کے کرنل بی کملا سنتوش بابو سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد صارفین نے گانے کے بول کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ خاص طور پر گانے کی وہ سطر جس میں سلمان خان دو پیگ پینے کے بعد خود کو ہوائی جہاز قرار دینے کی بات کرتے ہیں، صارفین کو ناگوار گزری۔
ایک صارف نے اپنے تبصرے میں کہا کہ کرنل سنتوش بابو اور گلوان میں جانیں گنوانے والے فوجیوں کی کہانی پر فلم بنائی جارہی ہے، لیکن اس فلم میں ایسا گانا شامل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ صارف نے سلمان خان کے انتخاب پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے اسے حقیقی ہیروز کی قربانیوں سے غیر سنجیدہ رویہ قرار دیا۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ حقیقی واقعات پر مبنی حب الوطنی کی فلم میں اس طرح کے بول اور مناظر کیوں شامل کیے گئے ہیں؟ جبکہ ایک دوسرے صارف نے فلم کے عنوان، کہانی اور موسیقی میں ہونے والی تبدیلیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس فلم سے فوجیوں کی قربانیوں کی عکاسی کی توقع تھی، اس میں اب رومانوی گانا نمایاں ہوگیا ہے۔
تنقید کرنے والوں میں سلمان خان کی گلوکاری کے ناقدین بھی شامل تھے۔ ایک صارف نے گانے کے بول کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تحریر قرار دیا، جبکہ ایک دوسرے نے تبصرہ کیا کہ سلمان خان خود ہی اپنی سابقہ شہرت اور مقبولیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
بعض صارفین نے تو اداکار کو مشورہ دیا کہ اگر وہ پہلے جیسی محنت کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے تو انہیں فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلینی چاہیے۔
تاہم سوشل میڈیا پر تمام ردعمل منفی نہیں تھا۔ سلمان خان کے مداحوں نے گانے کا دفاع کرتے ہوئے اسے دلچسپ اور دلکش قرار دیا اور اداکار کی طویل عرصے بعد گلوکاری میں واپسی کو بھی سراہا۔
فلم میں سلمان خان ایک بھارتی فوجی افسر کا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ چترانگدا سنگھ ان کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی کہانی کا مرکزی پس منظر گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ اور اس دوران فوجی اہلکاروں کی ہلاکت سے جڑا ہوا ہے۔


