اب جنوری میں ہوگی آئی پی ایل؟ جُوہی چاولہ نے نئی بحث چھیڑ دی

ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے انعقاد کے روایتی شیڈول میں تبدیلی کی بحث چھڑ گئی ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی شریک مالک جُوہی چاولہ نے آئی پی ایل کو مارچ سے مئی کے بجائے جنوری میں منعقد کرانے کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔

کرک انفو کے مطابق جُوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ دنیا کی بڑی کرکٹ لیگ کو شدید گرمی کے موسم میں منعقد کرنے کے بجائے ایسے وقت میں ہونا چاہیے جب کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کو بہتر موسمی حالات میسر آسکیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آئی پی ایل اب اس مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں اسے کرکٹ کیلنڈر میں اپنے لیے جگہ تلاش کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ خود عالمی کرکٹ کیلنڈر پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کے مطابق اپریل اور مئی کی شدید گرمی کے بجائے جنوری میں ٹورنامنٹ کرانے پر غور ہونا چاہیے، کیونکہ اس سے کھیل کے معیار، کھلاڑیوں کی کارکردگی اور شائقین کے مجموعی تجربے میں بہتری آسکتی ہے۔

جُوہی چاولہ نے مزید کہا کہ آئی پی ایل وقت کے ساتھ بہت ترقی کرچکی ہے، اس لیے اب اس کے انعقاد کے شیڈول میں بھی تبدیلی پر غور کرنے کا وقت آگیا ہے۔

للت مودی بھی حامی

آئی پی ایل کے بانی اور پہلے چیئرمین للت مودی نے بھی جُوہی چاولہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اس سے قبل ایک تفصیلی سوشل میڈیا پوسٹ میں آئی پی ایل کے موجودہ شیڈول پر نظرثانی اور ٹورنامنٹ کو جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

للت مودی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ملکیت اور انتظام میں ہونے والا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے، اس لیے اسے منعقد کرنے کے وقت کا فیصلہ کرنے کا اختیار بھی بی سی سی آئی کے پاس ہے۔

ان کے مطابق آئی پی ایل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے عالمی کیلنڈر میں جگہ حاصل کرنے کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، البتہ مختلف ممالک کی بین الاقوامی کرکٹ مصروفیات اور کھلاڑیوں کی دستیابی کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔

للت مودی نے آئی پی ایل کی عالمی حیثیت کا موازنہ انگلش پریمیئر لیگ سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیگ اب محض ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک بڑی عالمی کھیلوں اور کاروباری سرگرمی کی شکل اختیار کرچکی ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ عالمی کرکٹ کو بھی آئی پی ایل کی اس حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے شیڈول میں اس کے اثرات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

جنوری یا اکتوبر ، تجاویز سامنے آگئیں

للت مودی نے آئی پی ایل کے روایتی اپریل اور مئی کے شیڈول میں تبدیلی کے لیے دو متبادل پیش کیے ہیں۔

پہلی تجویز یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز جنوری میں کیا جائے، جبکہ دوسری تجویز ایک منظم اکتوبر تا اپریل کرکٹ کیلنڈر ترتیب دینے کی ہے۔

ان کے مطابق اس تبدیلی سے کھلاڑیوں کو شدید گرمی سے بچانے، شائقین کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے، براڈکاسٹنگ کے مواقع بڑھانے اور بھارتی کرکٹ کی طویل المدتی مالی بنیاد مضبوط کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

للت مودی نے یہ بھی کہا کہ دنیا کے بڑے کرکٹرز کے لیے آئی پی ایل ایک اہم مالی موقع ہے اور متعدد بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سالانہ کرکٹ آمدنی میں آئی پی ایل معاہدوں کا بڑا حصہ شامل ہوتا ہے۔

ان کے خیال میں اس لیگ کی معاشی اہمیت اتنی بڑھ چکی ہے کہ عالمی کرکٹ کیلنڈر کو اس حقیقت کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

آئی پی ایل جنوری میں ہوگا؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ جُوہی چاولہ اور للت مودی کی تجاویز کے باوجود آئی پی ایل کو جنوری میں منتقل کرنے کا تاحال کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا اس سے قبل ٹورنامنٹ کے آغاز کو مارچ کے آخری ہفتے سے کچھ پہلے کرنے کے امکان پر بات کرچکے ہیں۔

ان کے مطابق مئی کے دوسرے نصف میں بارش اور پری مون سون موسم کے امکانات جبکہ اپریل اور مئی کی شدید گرمی کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

اسی تناظر میں بی سی سی آئی اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے درمیان ٹورنامنٹ کا آغاز نسبتاً پہلے کرنے پر بات چیت ہوئی تھی، تاہم یہ جنوری میں مکمل منتقلی کے فیصلے کے مترادف نہیں ہے۔

آئی پی ایل کا روایتی شیڈول

آئی پی ایل کا آغاز 2008 میں ہوا تھا اور عام طور پر یہ ٹورنامنٹ مارچ کے آخر سے مئی یا جون کے ابتدائی دنوں تک کھیلا جاتا ہے۔

البتہ کورونا وبا کے دوران 2020 اور 2021 میں اس شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی تھی اور مقابلے معمول کے موسم سے ہٹ کر منعقد کیے گئے تھے۔

اب ایک مرتبہ پھر شدید گرمی، کھلاڑیوں کی سہولت، شائقین کے تجربے اور لیگ کی بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت کے تناظر میں شیڈول تبدیل کرنے کی بحث شروع ہوگئی ہے۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ بی سی سی آئی للت مودی کی جنوری والی تجویز پر غور کرے گا یا نہیں، تاہم جُوہی چاولہ کی حمایت کے بعد اس معاملے کو نئی توجہ ضرور مل گئی ہے۔