ایرانی دھمکیوں کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ فوجی اڈے پر منتقل

واشنگٹن ڈی سی : امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے ایرانی دھمکیوں کے بعد اپنا گھر چھوڑ کر ایک امریکی فوجی اڈے پر رہائش اختیار کر لی ہے۔ یہ خبر سب سے پہلے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دی، جسے بعد میں رائٹرز، فاکس نیوز اور یو ایس اے ٹوڈے سمیت کئی عالمی اداروں نے رپورٹ کیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے حالیہ ہفتوں میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ موجودہ اور سابق امریکی حکام کے خلاف ایرانی منصوبہ بندی زیادہ خطرناک اور “ایڈوانس اسٹیج” پر پہنچ چکی ہے، اور اس اندازے کی ایک بنیاد بیسینٹ کو ملنے والی دھمکیوں سے متعلق انٹیلی جنس بھی تھی۔ دھمکیوں کی نوعیت اور شدت فی الحال واضح نہیں کی گئی۔

امریکی محکمہ خزانہ کے حکام نے بیسینٹ کی منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

بیسینٹ کیوں نشانے پر؟

بیسینٹ اگست سے ایران کے خلاف امریکہ کی معاشی دباؤ مہم کے سب سے نمایاں چہرے ہیں۔ 24 اگست 2026 کو انہوں نے آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا اعلان کیا، جس کا مقصد ایران کی معیشت کو عالمی مالیاتی نظام سے کاٹنا، تیل کی فروخت روکنا، شپنگ اور شیڈو فلیٹ کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانے کے لیے دباؤ بڑھانا بتایا گیا۔

یہ مہم امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے ساتھ چل رہی ہے، جو رائٹرز کے مطابق 28 فروری کو شروع ہوئی۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ جنگ کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، جبکہ ناقدین اس جواز اور جنگ کی طوالت و معاشی قیمت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

اسی دن کا بڑا پس منظر

بیسینٹ کی منتقلی کی خبر اسی دن سامنے آئی جب امریکی محکمہ انصاف نے تین ایران نواز مبینہ کارکنوں پر امریکہ اور یورپ میں تقریباً 20 حملوں اور حملوں کی کوششوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا، جن میں برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ ایئر بیس پر مبینہ سازش بھی شامل تھی۔

اسی دوران برطانیہ میں امریکی طیارے بھی مبینہ ایرانی خطرے کے باعث ایک بیس سے منتقل کیے گئے، اور واشنگٹن کے فورٹ میک نائر کے اوپر نامعلوم ڈرونز دیکھے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں، جہاں وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ رہتے ہیں