تائی پے: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این وڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے مبینہ تعلق اور چین کے لیے جاسوسی کے الزامات کا سامنا کرنے والی چینی خاتون ایلس ہوانگ ہانگ کانگ کے پاسپورٹ پر تائیوان میں داخل ہوئی تھیں۔ تائیوان کے امیگریشن حکام نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون کے داخلے اور اخراج کا تمام ریکارڈ حکومت کے پاس موجود ہے، جبکہ ان کی آمدورفت اور مبینہ جاسوسی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تائیوان کی نیشنل امیگریشن ایجنسی کے سربراہ لن ہونگ این نے تصدیق کی کہ ایلس ہوانگ نے ہانگ کانگ کا پاسپورٹ استعمال کرکے تائیوان کا سفر کیا تھا۔
تائیوان کی وزیر داخلہ لیو شِہ فانگ نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ایلس ہوانگ ملک میں داخل ہوئی تھیں، تاہم اب وہ بیرون ملک موجود ہیں۔ ان کے مطابق خاتون کا تائیوان میں داخلے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ تائیوان میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر حکام کو پہلے معلوم ہوتا کہ خاتون جاسوسی میں ملوث ہیں تو انہیں ملک میں داخلے کی اجازت نہ دی جاتی۔ حکومت اب اس معاملے کے بعد امیگریشن کی جانچ پڑتال، سفری نگرانی اور سکیورٹی طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لے رہی ہے۔
اس معاملے میں ہانگ کانگ کے پاسپورٹ کا استعمال بھی خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
تائیوان کے امیگریشن قوانین کے تحت ہانگ کانگ کے پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے داخلے کا طریقہ کار عموماً چین کے مین لینڈ کے شہریوں کے مقابلے میں آسان ہے۔ مین لینڈ چین کے شہریوں کو تائیوان جانے کے لیے اضافی خصوصی اجازت ناموں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
چین اور تائیوان کے درمیان سیاسی اور سکیورٹی کشیدگی کے باعث سفری قوانین بھی سخت ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایلس ہوانگ کا ہانگ کانگ کا پاسپورٹ استعمال کرکے تائیوان پہنچنا اب حکام کی تحقیقات کا اہم حصہ بن گیا ہے۔
تائیوان کی حکومت یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ خاتون نے کن سفری اجازت ناموں کے تحت ملک میں داخلہ حاصل کیا اور ان کے سابقہ دوروں کے دوران سکیورٹی جانچ پڑتال کس نوعیت کی تھی۔
اس تنازع کا دوسرا اہم پہلو دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینوڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ سے ایلس ہوانگ کا مبینہ ذاتی تعلق ہے۔
ہوانگ لے کے نام سے مشہور ایلس ہوانگ سنگاپور کی ڈیٹا سینٹر کمپنی میگااسپیڈ سے وابستہ رہ چکی ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایلس ہوانگ چین کی انٹیلی جنس کے لیے کام کر رہی تھیں اور ان کا تعلق جینسن ہوانگ سے اسی مبینہ منصوبے کا حصہ تھا جس کے ذریعے اینوڈیا کے سربراہ سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا سکتی تھی۔
جینسن ہوانگ نے ازدواجی تعلق سے باہر ایک تعلق ہونے کا اعتراف کیا ہے، تاہم اس تعلق کی تمام تفصیلات اور اس کے جاسوسی سے مبینہ رابطے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ ایلس ہوانگ اور جینسن ہوانگ کا خاندانی تعلق نہیں ہے۔ دونوں کا خاندانی نام ایک ہونے کے باوجود وہ رشتہ دار نہیں ہیں۔
اینوڈیا کے بورڈ نے جینسن ہوانگ سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس معاملے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ اینوڈیا کے جدید مصنوعی ذہانت کے چپس دنیا بھر میں اے آئی نظاموں، ڈیٹا سینٹرز اور جدید کمپیوٹنگ کے لیے انتہائی اہم سمجھے جاتے ہیں۔
امریکا اور چین کے درمیان جدید سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کی برتری کی دوڑ پہلے ہی جاری ہے۔ ایسے میں این وڈیا کے سربراہ سے متعلق جاسوسی کے الزامات نے ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی کے حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
تاہم این وڈیا کا کہنا ہے کہ اس کے پاس فی الحال یہ سمجھنے کی کوئی وجہ نہیں کہ کمپنی کے تجارتی راز یا قومی سلامتی سے متعلق معلومات متاثر ہوئی ہیں۔
دوسری جانب چین نے جاسوسی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے خلاف منفی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔
سکیورٹی کا نیا امتحان
تائیوان کی وزیر داخلہ کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق ادارے اس معاملے کی سرگرمی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ حکومت اب داخلے سے پہلے کی جانچ، قیام کے دوران نگرانی اور ملک سے روانگی کے بعد کی کارروائیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لے گی۔
رپورٹس کے مطابق ایلس ہوانگ مئی 2025 میں تائی پے میں منعقد ہونے والی ٹیکنالوجی نمائش کمپیوٹیکس کے دوران جینسن ہوانگ کی میزبانی میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی شریک ہوئی تھیں۔ اس موقع پر دونوں کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔یہ تصاویر اب اس پورے معاملے کی میڈیا کوریج کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔
جاسوسی یا ٹیکنالوجی کی جنگ ؟
یہ معاملہ محض دو افراد کے ذاتی تعلق تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے امریکہ، چین اور تائیوان کے درمیان جاری ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کشمکش کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔
ایک طرف امریکہ جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹرز پر اپنی برتری برقرار رکھنا چاہتا ہے، دوسری طرف چین بھی اس شعبے میں اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
ایسے ماحول میں دنیا کی سب سے اہم چپ ساز کمپنی کے سربراہ سے متعلق جاسوسی کے الزامات معمولی معاملہ نہیں سمجھے جا رہے۔
تاہم یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ ایلس ہوانگ کے خلاف جاسوسی کے الزامات تاحال ثابت نہیں ہوئے، چین انہیں مسترد کر چکا ہے اور تحقیقات ابھی جاری ہیں۔


