راولپنڈی: پاکستان کے نوجوان بولر ثاقب خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے سری لنکا کی مضبوط بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا، ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرکے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز ثاقب خان نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکن ٹیم گزشتہ روز کے اسکور 404 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے آگے کھیلتے ہوئے صرف 446 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے دن کے آغاز میں ہی سنچری میکر دھننجایا ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع کیا، جس کے بعد کپتان کوشل مینڈس کو بھی اپنا شکار بنایا۔
سری لنکا نے آخری چھ وکٹیں صرف 42 رنز کے اضافے پر گنوائیں۔ ثاقب خان نے سونل دینوشا، لہرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو سمیت اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی سات وکٹیں مکمل کیں۔
ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل تین پاکستانی بولرز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے اور پاکستان پر 12 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے چوتھے روز کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے تھے اور مجموعی برتری 27 رنز ہوگئی تھی۔
ثاقب خان کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کے ٹیسٹ کیریئر کا یادگار آغاز ہے بلکہ پاکستانی بولنگ کے لیے بھی ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اس سے پہلے محمد زاہد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی 28 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلے گئے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹیں دے کر 66 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے علاوہ ڈیببیو ٹیسٹ محمد نذیر نے 1969 میں نیوزی لینڈ 99 رنز دے کر 7 اور ابرار احمد نے بھی 2022 میں نیوزی لینڈ ہی کے خلاف 114 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔


