ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی نئی فلم ’ماترو بھومی‘ اور شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ کے درمیان باکس آفس پر ممکنہ مقابلے سے قبل اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی ماتر بھومی اور شردھا کپور کی ایٹھا ایک ہی روز 4 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہیں، جس کے باعث دسمبر کے پہلے ہفتے میں بالی ووڈ کا بڑا باکس آفس ٹاکرا متوقع ہے۔
اس مقابلے کے باوجود سلمان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ کا ٹریلر شیئر کیا اور فلم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’’ایٹھا کے لیے نیک تمنائیں‘‘۔
سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں شردھا کپور، فلم ساز دنیش ویجن اور میڈاک فلمز کو بھی ٹیگ کیا۔
سلمان خان کے اس اقدام کو بالی ووڈ میں باہمی احترام اور پیشہ ورانہ سپورٹ کی مثال قرار دیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بھی ان کے اس انداز کو پسند کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ کے میکرز نے پہلے ہی 4 دسمبر کی تاریخ منتخب کر رکھی تھی، تاہم سلمان خان کی فلم ’ماترو بھومی‘ بھی طویل عرصے سے تاخیر کا شکار تھی اور مزید تاخیر سے بچنے کے لیے اسی تاریخ پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں فلموں کی ایک ہی دن ریلیز سے باکس آفس پر دلچسپ مقابلے کی توقع ہے، تاہم سلمان خان کی جانب سے شردھا کپور کی فلم کو نیک خواہشات کا پیغام اس مقابلے میں ایک مثبت پہلو بن کر سامنے آیا ہے۔


