ویو ونس: واٹس ایپ کا نیا فیچر، جس سے ٹیکسٹ میسیج ایک بار ہی دیکھا جاسکے گا

کیلیفورنیا: دنیا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیکسٹ میسجز میں بھی ’ویو ونس‘ فیچر متعارف کرانے کا آغاز کردیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویبیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بعض بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے ذریعے بھیجا گیا ٹیکسٹ پیغام وصول کرنے والا صرف ایک مرتبہ دیکھ سکے گا، جس کے بعد پیغام چیٹ سے غائب ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ سہولت واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.45.6 میں دیکھی گئی ہے اور آنے والے ہفتوں میں مزید بیٹا صارفین تک اس کی رسائی متوقع ہے۔

فیچر کیسے استعمال ہوگا؟

صارف کو چیٹ میں اپنا پیغام لکھنے کے بعد سبز سینڈ بٹن کو کچھ دیر دبائے رکھنا ہوگا، جس کے بعد سامنے آنے والے آپشنز میں سے ’ویو ونس‘ منتخب کرکے پیغام بھیجا جاسکے گا۔

وصول کنندہ کو پیغام عام چیٹ میں نظر نہیں آئے گا بلکہ اسے کھولنے کے لیے الگ اسکرین پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ پیغام دیکھنے کے بعد اسکرین بند کرتے ہی وہ دوبارہ نہیں کھولا جاسکے گا۔

اسکرین شاٹ اور کاپی کی سہولت بھی بند

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر میں پیغام پڑھتے وقت اسکرین شاٹ اور اسکرین ریکارڈنگ کو بلاک کیا جائے گا، جبکہ وصول کنندہ پیغام کو کاپی، فارورڈ یا محفوظ بھی نہیں کرسکے گا۔

یہ فیچر خاص طور پر پاس ورڈز، ون ٹائم کوڈز اور حساس معلومات بھیجنے کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ میں تصاویر، ویڈیوز اور وائس میسجز کے لیے ویو ونس کی سہولت پہلے سے موجود ہے، تاہم اب اسے عام ٹیکسٹ پیغامات تک بھی توسیع دی جارہی ہے۔

فی الحال واٹس ایپ نے تمام صارفین کے لیے اس فیچر کی حتمی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔