سینڈپیپر معاملے میں پوری ٹیم اور کوچز ملوث تھے: کیمرون بینکرافٹ کا بڑا انکشاف

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ کے تاریخ کے متنازع ترین واقعات میں شمار ہونے والے 2018 کے سینڈپیپر تنازع (بال ٹیمپرنگ اسکینڈل) پر عثمان خواجہ کے انکشاف کے بعد بحث جاری ہے۔ اب اس تنازع کےباعثسزا بھگتنے والے آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف پیش آنے والے اس واقعے میں صرف چند کھلاڑی نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم ملوث تھی۔

مارچ 2018 میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو ٹیلی ویژن کیمروں نے گیند کو سینڈ پیپر سے رگڑتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔

اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں شدید ہلچل مچ گئی تھی۔ اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے ان کے خلاف کارروائی کی تھی۔

یہ تنازع اس وقت دوبارہ خبروں میں آیا تھا جب سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری ’’صبر‘‘ میں دعویٰ کیا کہ 2018 کے اسکینڈل سے ٹیم کے تمام کھلاڑی اور اسٹاف واقف تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے بھی خواجہ کے مؤقف کی حمایت کی تھی، جبکہ پیٹ کمنز نے اس کی تردید کی۔

کیمرون بینکرافٹ نے آسٹریلوی اخبار دی ویسٹ آسٹریلین میں شائع ہونے والے اپنے تفصیلی مضمون میں کہا کہ وہ ابتدائی تحقیقات کے دوران مکمل سچ سامنے نہیں لائے گئے تھے۔ انہوں نے کئی اہم تفصیلات چھپائیں، جن میں یہ باتیں بھی شامل تھیں کہ سینڈ پیپر کا استعمال کب شروع ہوا، کتنے عرصے تک جاری رہا اور ٹیم کے دیگر ارکان اس سے کس حد تک واقف تھے۔

بینکرافٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا تاکہ کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات متاثر نہ ہوں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی اس معاملے میں نہ پھنسیں۔

ان کے مطابق گیند کی شکل بگاڑنے اور ریورس سوئنگ حاصل کرنے کا منصوبہ ڈیوڈ وارنر کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ تاہم میدان میں کیمروں کی مسلسل نگرانی کے باعث وارنر خود یہ کام نہیں کرسکتے تھے، چنانچہ یہ ذمہ داری بینکرافٹ نے سنبھالی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ میچ کے دوران فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش سے گیند کی حرکت اور ریورس سوئنگ کے بارے میں مسلسل بات کرتے تھے۔

بینکرافٹ کے بقول بولرز انہیں بتاتے تھے کہ گیند پر ان کی کوششیں مؤثر ثابت ہورہی ہیں یا نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر ٹم پین سے بھی اس حوالے سے بات چیت ہوتی تھی۔

کیمرون بینکرافٹ نے اپنے بیان میں سابق ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن اور بولنگ کوچ ڈیوڈ ساکر کا بھی ذکر کیا ہے۔

ان کے دعوے کے مطابق ساکر نے انہیں گیند کے ساتھ مزید کام کرنے کا کہا تھا، جبکہ لیمن کو بھی اس منصوبے کا علم تھا۔

انہوں نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم کی میڈیا منیجر کیٹ ہچیسن نے اس عمل پر اعتراض کیا تھا اور اسے غلط قرار دیتے ہوئے اس گفتگو سے الگ ہوگئی تھیں۔

کیمرون بینکرافٹ کے مطابق جب وہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں سینڈ پیپر استعمال کررہے تھے تو ریزرو کھلاڑی پیٹر ہینڈزکومب میدان میں آئے اور انہیں سینڈ پیپر واپس کرنے کا کہا۔

بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ ہینڈزکومب کو کوچ ڈیرن لیمن نے واکی ٹاکی پر ہدایت دی تھی کہ ان سے سینڈ پیپر فوراً لے لیا جائے۔ ان کے نزدیک یہ واقعہ بھی اس بات کا ثبوت تھا کہ ٹیم کے دیگر افراد کو معاملے کا علم تھا۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس سے قبل سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی ان باتوں کو سختی سے مسترد کیا تھا کہ پوری ٹیم کو بال ٹیمپرنگ منصوبے کا علم تھا۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

بینکرافٹ نے بتایا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس ان کے لیے خاموشی توڑنے کی آخری وجہ بنی۔ کمنز کے اس مؤقف سے انہیں شدید مایوسی ہوئی اور وہ خود کو دھوکا کھایا ہوا اور تنہا محسوس کرنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے کرکٹ کیریئر کو اس واقعے نے شدید نقصان پہنچایا اور 2019 کے بعد انہیں دوبارہ آسٹریلیا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔