خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 خوارج ہلاک

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب ضلع بنوں میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ ٹانک میں ایک جھڑپ کے دوران ایک خارجی مارا گیا۔ اس طرح تینوں اضلاع میں ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ افراد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔