ایلون مسک کوامریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی پارٹی پر 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پرپچھتاوا

نیویارک: دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن امیدواروں کی حمایت کے لیے بھاری رقم خرچ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کے باوجود خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوئے اور اب انہیں اپنی سرمایہ کاری پر خود کو کافی بے وقوف محسوس ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے نیویارک ٹائمز کے ڈیل بک سمٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے 2026 کے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن امیدواروں کی حمایت کے لیے تقریباً 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے، لیکن ان کی کوششیں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

مسک نے گفتگو کے دوران کہا کہ اتنی زیادہ رقم خرچ کرنے کے باوجود کچھ خاص حاصل نہ ہونے پر وہ خود کو بے وقوف محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اگر انہیں وقت واپس لے جانے کا موقع ملے تو وہ انتخابی مہمات پر اس سے کہیں کم رقم خرچ کریں گے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکی انتخابات کے نتائج نے یہ ثابت کردیا ہے کہ محض پیسہ خرچ کرکے ووٹرز کے فیصلوں کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ان کی مالی معاونت کے بغیر ری پبلکن امیدواروں کی کارکردگی مزید خراب ہوتی، تاہم مجموعی نتائج ان کی توقعات کے مطابق نہیں رہے۔

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ٹیکساس میں بھی ری پبلکن امیدواروں کو اہم شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مسک نے خصوصی طور پر ٹیکساس میں ری پبلکن امیدواروں کی کامیابی کے لیے بڑی مالی معاونت کی تھی، کیونکہ اس ریاست میں ان کی کمپنیوں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے اہم مراکز موجود ہیں۔

ٹیکساس کی سینیٹ کی دوڑ میں ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو سے ہار گئے، جبکہ گورنر کے انتخاب میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوجوسا نے ری پبلکن گریگ ایبٹ کو شکست دی۔

انتخابی سرمایہ کاری پر افسوس کے اظہار کے ساتھ ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی تحریک ‘میک امریکا گریٹ اگین’ (میگا) سے بھی خود کو الگ قرار دیا۔

نیویارک ٹائمز کے صحافی اینڈریو راس سورکن سے گفتگو میں مسک کا کہنا تھا کہ وہ خود کو میگا کا حصہ نہیں سمجھتے اور ری پبلکن پارٹی کی پالیسیوں کی اندھی حمایت نہیں کرتے۔ ان کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں میں مثبت اور منفی پہلو موجود ہیں۔

یہ بیان اس لیے بھی اہم ہے کہ مسک 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے نمایاں حامی رہے تھے اور ان کی انتخابی مہم کے لیے بھی 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کر چکے ہیں۔ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد مسک نے ان کی انتظامیہ میں محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (ڈوجی) کی سربراہی بھی کی تھی، تاہم بعد میں دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے۔

مسک کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امریکی سیاست میں اپنی بھاری مالی سرمایہ کاری کے نتائج پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ ان کا اعتراف ایک بار پھر اس بحث کو نمایاں کرتا ہے کہ امریکی انتخابات میں دولت اور سیاسی اثرورسوخ کے باوجود ووٹرز کا فیصلہ حتمی اہمیت رکھتا ہے۔