عالمی میراتھون چیمپئن پیرس جیپچیرچ پر ڈوپنگ ثابت: 3 سال کی پابندی

نیروبی: کینیا کی معروف ایتھلیٹ اور عالمی میراتھن چیمپئن پیرس جیپچیرچ پر ممنوعہ مادے کے استعمال کے باعث تین سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ (اے آئی یو) کے مطابق 33 سالہ ایتھلیٹ کا ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تسلیم کرلی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جیپچیرچ کے نمونے میں ای پی او نامی ممنوعہ مادے کی موجودگی سامنے آئی۔ یہ نمونہ اگست 2026 میں سڈنی میراتھون میں ان کی کامیابی سے قبل کینیا میں مقابلے سے باہر کیے گئے ٹیسٹ کے دوران حاصل کیا گیا تھا۔ 17 ستمبر کو اس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا، جس کے بعد ایتھلیٹکس حکام نے ان کے خلاف کارروائی شروع کی۔

پیرس جیپچیرچ نے ابتدائی طور پر ممنوعہ مادے کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے سزا اور نتائج کی منسوخی قبول کرلی۔

اس فیصلے کے تحت 17 جولائی 2026 کے بعد ان کے تمام مقابلوں کے نتائج منسوخ کردیے گئے ہیں، جن میں سڈنی میراتھن میں حاصل کی گئی کامیابی بھی شامل ہے۔

سڈنی میراتھون کا اعزاز بھی چھن گیا

اس فیصلے کے بعد سڈنی میراتھون 2026 میں پیرس جیپچیرچ کی جگہ دوسرے نمبر پر آنے والی کینیا ہی کی ایتھلیٹ آئرین چیپٹائی کو خواتین کی چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

جیپچیرچ نے سڈنی میراتھن میں 2 گھنٹے 18 منٹ اور 31 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ چیپٹائی نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ اب ڈوپنگ کی خلاف ورزی کے باعث یہ اعزاز ان سے واپس لے لیا گیا ہے۔