عوام کو نئےصوبوں کی نہیں روٹی کپڑااور مکان کی پریشانی ہے: بلاول

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، کیونکہ معاشی مشکلات کا حل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں۔

کراچی میں سندھ حکومت کے 17 ارب روپے کے ’سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2026‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے اور ان سے نکلنے میں کافی وقت لگے گا۔ دنیا بھر کی حکومتوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے، لیکن افسوس کہ پاکستان میں سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا کم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، تاہم انہیں معاشی مشکلات سے نمٹنے اور اپنا معاشی منصوبہ تیار کرنے کا مناسب موقع نہیں مل سکا۔ وزیراعظم جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو ان کی ٹیم کے بعض وزرا اپنا الگ ایجنڈا لے کر سامنے آجاتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم کامیاب ہوں اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی آئینی مدت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سیاسی اختلافات کے حوالے سے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہوں یا عمران خان، پسند اور ناپسند سے قطع نظر تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات اور قومی معاملات میں شامل کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کی پارلیمان میں واپسی کے لیے بھی بات چیت کی ضرورت ہے۔ اگر ملکی مفاد اہم نہ ہوتا تو وہ بھی یہی کہتے کہ سیاسی مخالفین کو رگڑا دیتے رہیں، لیکن قومی مفاد سیاسی ضد اور انتقام سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ملک میں ایک صوبہ ہو یا پانچ، انہیں اپنے معاشی مسائل، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات چاہیے۔ موجودہ معاشی بحران، خطے میں جنگی صورتحال اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی دباؤ کا بوجھ پاکستان کا ہر شہری اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ بھی دکھائی نہیں دے رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی توجہ محدود وسائل میں عوام کی مدد کرنے پر مرکوز ہے اور جماعت نے ہمیشہ چھوٹے کاشت کاروں اور ہاریوں کی نمائندگی کی ہے۔ معاشی بحران کے باعث ڈیزل اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، ایسے حالات میں سندھ حکومت ہاری کارڈ کے ذریعے چھ لاکھ کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے تھر کے لیے سندھ حکومت کے پیکیج کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو احساس ہے کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، اس لیے تمام سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینا ہوگی۔