راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 90 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کو یہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر اذان اویس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عامر جمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عامر جمال نے فاتحانہ شاٹ کھیل کر پاکستان کو کامیابی دلائی۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ملان رتھنائیکے 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کوشل مینڈس نے 53 اور سونل دنوشا نے 54 رنز کی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے تین، رضا اللہ اور دیگر بولرز نے اہم وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم کو صرف 98 رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔ عامر جمال، محمد عباس اور رضا اللہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے 325 رنز بنائے اور 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے 54 جبکہ رضا اللہ نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، جس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کے حصے میں آئی۔ قومی ٹیم نے تقریباً دو سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ پاکستان نے اس سے قبل اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے لیے یہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے موجودہ دور میں پہلی سیریز فتح بھی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بولنگ پر محمد عباس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔


