عامر خان کا ممبئی میں مہنگا ٹھکانہ، ماہانہ کرایہ 38 لاکھ روپے

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے ممبئی کے علاقے سانتا کروز میں تین لگژری اپارٹمنٹس کرائے پر حاصل کرلیے ہیں، جن کا مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ اداکار نے ان اپارٹمنٹس کے لیے چار سالہ معاہدہ کیا ہے، جس کا آغاز یکم جنوری 2027 سے ہوگا اور یہ 31 دسمبر 2030 تک برقرار رہے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے سیزنز ایونیو پراپرٹیز نامی کمپنی کے ساتھ لیو اینڈ لائسنس معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت انہیں عمارت کی 11ویں، 12ویں اور 14ویں منزل پر تین اپارٹمنٹس دیے گئے ہیں۔ ان میں سب سے بڑے اپارٹمنٹ کا رقبہ 6 ہزار 200 مربع فٹ ہے، جبکہ باقی دونوں اپارٹمنٹس میں سے ہر ایک کا رقبہ 3 ہزار مربع فٹ ہے۔

تینوں اپارٹمنٹس کے کرائے میں بھی فرق رکھا گیا ہے۔ سب سے بڑے اپارٹمنٹ کا ماہانہ کرایہ 20 لاکھ بھارتی روپے ہے، جبکہ باقی دونوں کے لیے 9، 9 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس طرح عامر خان ہر ماہ مجموعی طور پر 38 لاکھ روپے کرایہ ادا کریں گے۔

معاہدے کے مطابق ہر اپارٹمنٹ کے ساتھ تین گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہے، یعنی مجموعی طور پر نو گاڑیوں کی پارکنگ دستیاب ہوگی۔

معاہدے میں ہر سال کرائے میں 5 فیصد اضافے کی شرط بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ عامر خان کو ایک ماہ کے کرائے کے برابر رقم بطور سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرانی ہوگی۔ معاہدے کے تحت وہ اپارٹمنٹس میں اپنی مرضی سے تعمیراتی تبدیلیاں، اضافی تزئین و آرائش یا کسی قسم کی اسٹرکچرل تبدیلی نہیں کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ کرائے کی بنیاد پر عامر خان کو سالانہ تقریباً 4 کروڑ 56 لاکھ بھارتی روپے ادا کرنا ہوں گے۔ چار سالہ مدت میں کرائے کی رقم میں اضافے کے باعث مجموعی ادائیگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو عامر خان گزشتہ سال فلم ’ستارے زمین پر‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیے تھے، جبکہ رجنی کانت کی فلم ’کولی‘ میں بھی انہوں نے مختصر کردار ادا کیا تھا۔