پاکستان سے کراری ہار کا ایک اور ثبوت: بھارت کے رافیل طیاروں کےمتعلق نئی برطانوی رپورٹ

لندن: بھارتی فضائیہ کے رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد سے متعلق نئی بین الاقوامی رپورٹ نے ایک بار پھر مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپوں کے دوران طیاروں کے نقصانات سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔

برطانوی دفاعی و فضائی امور کے جریدے فلائٹ گلوبل کی تازہ سالانہ ڈائریکٹری کے مطابق بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال فعال رافیل طیاروں کی تعداد 32 رہ گئی ہے، جبکہ بھارت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36 رافیل طیارے حاصل کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال شائع ہونے والی ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے 35 رافیل طیارے فعال فہرست میں شامل تھے، تاہم تازہ جائزے میں یہ تعداد مزید کم کرکے 32 کردی گئی ہے۔ اس طرح گزشتہ فہرست کے مقابلے میں تین طیارے کم دکھائے گئے ہیں، جبکہ خریدے گئے طیاروں کی مجموعی تعداد سے موازنہ کیا جائے تو فرق چار کا بنتا ہے۔

تاہم اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد بھارتی وزارتِ دفاع کے ذرائع نے اس کے اعداد و شمار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ بھارتی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ معلومات نہ تو بھارتی فضائیہ نے فراہم کی ہیں اور نہ ہی وزارتِ دفاع نے اس کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے یہ بھی نشاندہی کی کہ رپورٹ میں واضح نہیں کیا گیا کہ کن طیاروں کو فعال فہرست سے خارج کیا گیا اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔

دوسری جانب رپورٹ مرتب کرنے والے ادارے کے مطابق اعداد و شمار فوجی طیاروں کے عالمی ڈیٹا بیس اور دستیاب عوامی معلومات کی بنیاد پر تیار کیے جاتے ہیں۔ کسی طیارے کا فعال فہرست میں شامل نہ ہونا لازماً اس کی تباہی یا مستقل طور پر سروس سے باہر ہونے کا ثبوت نہیں ہوتا، کیونکہ طیارے مرمت، اپ گریڈ یا طویل مدتی دیکھ بھال کے مراحل سے بھی گزر سکتے ہیں۔

یہ معاملہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی کشیدگی کے تناظر میں خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اس دوران پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں رافیل طیارے بھی شامل تھے، جبکہ بھارت نے نقصانات کی تعداد اور تفصیلات کی تصدیق نہیں کی تھی۔ بھارتی حکام نے بعد ازاں طیاروں کے نقصان کا اعتراف تو کیا، تاہم ان کی تعداد اور اقسام ظاہر نہیں کیں۔

یوں برطانوی جریدے کی تازہ فہرست نے رافیل طیاروں کی موجودہ فعال تعداد پر سوالات ضرور اٹھائے ہیں، لیکن رپورٹ میں چار طیاروں کی کمی کو پاکستان کے ہاتھوں چار رافیل طیارے تباہ ہونے کا حتمی ثبوت قرار نہیں دیا گیا۔