ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی فلم ’مونسٹر‘ کے ذریعے ایکشن کے میدان میں بڑا تجربہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ فلم میں ہالی ووڈ معیار کے ایکشن مناظر شامل کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ تھائی لینڈ کے معروف ایکشن ڈائریکٹر اور اسٹنٹ کوآرڈینیٹر کیچا کھمفکڈی کی بھی فلم میں انٹری ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور جنوبی بھارتی اداکارہ نین تارا کی اس فلم میں فیملی ڈرامے کے ساتھ بھرپور ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔ فلم کے ایکشن مناظر کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے چھ ایکشن کوریوگرافرز اور اسٹنٹ کوآرڈینیٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جن میں بھارتی اور غیر ملکی ماہرین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیچا کھمفکڈی اس سے قبل فلم ’پشپا 2: دی رول‘ اور ’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گروون اپس‘ جیسے منصوبوں سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کے دیگر نمایاں کاموں میں ’اونگ بیک 2‘ بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے ایکشن ڈائریکٹر اور اسٹنٹ کوآرڈینیٹر بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جو ’باہوبلی: دی بِگننگ‘، ’ٹروئے‘، ’ورلڈ وار زی‘ اور ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ بھارتی اسٹنٹ کوآرڈینیٹر سنیل روڈریگز بھی اس ٹیم میں شامل ہیں، جن کے کریڈٹ پر ’اینیمل‘، ’کنگ‘ اور ’ایکسٹریکشن‘ جیسے منصوبے ہیں۔
فلم کی ہدایت کاری تیلگو فلم ساز وامشی پیڈی پلی کررہے ہیں، جو ’مہارشی‘ اور ’وارثو‘ سمیت کئی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں۔ سلمان خان اور نین تارا کے علاوہ جیکی شروف اور اروند سوامی بھی فلم میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق فلم کو آئندہ سال عید کے موقع پر ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ دوسری جانب سلمان خان کی ایک اور فلم ’ماتربھومی‘ رواں سال 4 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔ یوں سلمان خان کے مداحوں کو آنے والے عرصے میں ان کی دو نئی فلمیں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔


