واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر اب تک 48 ارب 30 کروڑ ڈالر خرچ ہوچکے ہیں، جنگی اخراجات میں اگست کے مقابلے میں تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان کی لاگت تاحال شامل نہیں۔
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فروری کے اواخر میں ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ نے امریکی خزانے پر بھی بھاری بوجھ ڈال دیا ہے۔ امریکی پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ پر امریکی فوج کے اخراجات 48 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون کے ڈپٹی کمپٹرولر آرتھر ملر نے جمعرات کو امریکی قانون سازوں کو بتایا کہ 13 نومبر تک جنگ کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ 48.3 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس رقم میں استعمال ہونے والے جنگی ہتھیاروں اور گولہ بارود، فوجی سازوسامان کی دوبارہ خریداری اور فوجی آپریشنز پر آنے والے اخراجات شامل ہیں۔
یہ رقم یکم اگست تک کانگریشنل بجٹ آفس کے فراہم کردہ 38 ارب ڈالر کے تخمینے سے تقریباً 26 فیصد زیادہ ہے، جس سے جنگ کے مالی اثرات میں تیزی سے اضافے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
امریکی فوجی اڈوں کے نقصان کا تخمینہ شامل نہیں
پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ 48.3 ارب ڈالر کے تخمینے میں مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان کی لاگت شامل نہیں ہے۔
امریکی قانون سازوں نے بھی اس حوالے سے پینٹاگون حکام سے تفصیلات طلب کی ہیں، تاہم آرتھر ملر نے بتایا کہ انہیں فوجی اڈوں کی مرمت اور نقصانات کی مکمل مالی تفصیلات دستیاب نہیں۔
دوسری جانب ایران کے ساتھ جنگ کے معاشی اثرات بھی عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی متاثر ہونے کے خدشات اور خطے میں تیل و گیس کی ترسیل سے متعلق صورتحال نے عالمی معیشت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے خطے میں بڑی بحری فوجی موجودگی برقرار رکھی گئی ہے، جس کے اخراجات بھی جنگ کے مجموعی مالی بوجھ میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
یوں جنگ کے آٹھ ماہ سے زائد عرصے میں امریکی فوجی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں، جبکہ فوجی اڈوں کے نقصانات اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا مکمل حساب ابھی سامنے آنا باقی ہے۔


