سڈنی : آسٹریلوی کرکٹ میں 2018 کے بدنام زمانہ ’سینڈ پیپر اسکینڈل‘ نے ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے، تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا تھا، جب آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد تحقیقات میں اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ تینوں کو مختلف مدت کے لیے کرکٹ سے پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت میں دعویٰ کیا کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔
پیٹ کمنز نے گزشتہ ہفتے پریس کانفرنس میں ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا۔ تاہم آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے بھی عثمان خواجہ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے سے پوری ٹیم واقف تھی۔
اس صورتحال کے بعد پیٹ کمنز کی کپتانی خطرے میں ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں، لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کردیا کہ بورڈ کو ان کی قیادت اور کردار پر مکمل اعتماد ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ نے اجلاس کے بعد متفقہ طور پر پیٹ کمنز کی حمایت کا اعلان کیا اور ان الزامات کو مسترد کردیا جن میں ان کی دیانت داری پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون نے کہا کہ ادارہ اس مشکل صورتحال میں تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ آسٹریلوی کرکٹ کو آگے لے جانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق پیٹ کمنز اور دیگر کھلاڑیوں نے گزشتہ آٹھ برسوں میں ٹیم کے اندر جس ماحول اور ثقافت کو فروغ دیا ہے، بورڈ اس پر فخر کرتا ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پیٹ کمنز کی دیانت داری متاثر ہونے کے کسی بھی تاثر کو مسترد کیا جاتا ہے۔
ہیزل ووڈ بھی کپتان کے حامی
اس تنازع میں آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بھی پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے ایک اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اگر پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ خود بھی کرکٹ سے کنارہ کشی پر غور کرسکتے ہیں۔
جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ وہ پیٹ کمنز اور گزشتہ پانچ سے چھ برس کے دوران بطور کپتان ان کی کارکردگی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹ کمنز ایک بہترین قائد ہیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی ان کے بارے میں یہی رائے رکھتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر پیٹ کمنز کو عہدے سے ہٹایا گیا تو کیا وہ احتجاجاً کرکٹ چھوڑ دیں گے؟ اس پر ہیزل ووڈ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں انہیں اس فیصلے پر ضرور غور کرنا پڑے گا۔
سینڈ پیپر اسکینڈل کیا تھا؟
عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت میں اس واقعے کے بارے میں نئے دعوے کیے، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی۔ بینکرافٹ کے حالیہ بیان نے تنازع کو مزید ہوا دی ہے۔
دوسری جانب جوش ہیزل ووڈ نے واضح کیا کہ اس وقت کے بولنگ گروپ، جس میں مچل اسٹارک اور نیتھن لائن بھی شامل تھے، گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا حصہ نہیں تھے۔ ان تینوں بولرز نے 2021 میں بھی ایک مشترکہ بیان جاری کرکے اس معاملے میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے پرانی تحقیقات دوبارہ کھولنے سے انکار کردیا ہے، تاہم 2018 کے دورے سے وابستہ کھلاڑیوں اور عملے کے لیے ایک خصوصی فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے تجربات اور مؤقف بیان کرسکیں۔
پیٹ کمنز نے بھی اس فورم میں شرکت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس عمل میں شریک ہوں گے اور تمام متعلقہ کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی توجہ پرتھ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پر ہوگی۔


