ول جیکس کو کیچ لینے کی کوشش مہنگی پڑگئی: آسٹریلیا سیریز سےباہر، کپتانی کا چانس بھی گیا

سڈنی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے دوران بڑا دھچکا لگا ہے۔ آل راؤنڈر ول جیکس ہاتھ کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث دورے سے باہر ہوگئے ہیں اور اب وطن واپس روانہ ہوں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میلبرن میں ہفتے کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل کے دوران ول جیکس انجری کا شکار ہوئے۔ واقعہ انیسویں اوور میں پیش آیا جب وہ اپنی ہی گیند پر بین ڈوارشوس کے زوردار شاٹ پر کیچ لینے کی کوشش کر رہے تھے۔ تیز رفتار گیند ان کے دائیں ہاتھ پر لگی، جس کے بعد وہ شدید تکلیف میں میدان سے باہر چلے گئے۔

ابتدائی طور پر ہاتھ سے خون بہنے کے باعث ان کی انجری تشویش ناک دکھائی دے رہی تھی، تاہم طبی معائنے اور اسکین میں ہاتھ کی ہڈی ٹوٹنے کی تصدیق ہوگئی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اتوار کی شب اعلان کیا کہ ول جیکس اب آسٹریلیا کے خلاف باقی وائٹ بال میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس انجری کے باعث ول جیکس ایک اہم موقع سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ انہیں سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں پہلی مرتبہ انگلینڈ کی قیادت کرنے کا موقع ملنا تھا، تاہم اب وہ اس ذمہ داری کو انجام نہیں دے سکیں گے۔ ان کی جگہ ٹام بینٹن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک بھی سڈنی میں سیریز کا چوتھا میچ کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ روانہ ہوجائیں گے، جہاں 17 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی تیاری کریں گے۔ انگلینڈ پہلے ہی دورے کے آغاز پر جیکب بیتھل کی انجری سے محروم ہوچکا ہے۔

سیریز کی صورتحال بھی انگلینڈ کے لیے زیادہ حوصلہ افزا نہیں۔ مہمان ٹیم نے اس دورے کی ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی، تاہم پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے آخری اوور کی آخری گیند سے پہلے ہدف حاصل کرکے کامیابی سمیٹی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ 24 نومبر کو گولڈ کوسٹ، تیسرا 27 نومبر کو برسبین، چوتھا 29 نومبر کو سڈنی اور آخری مقابلہ 2 دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔