دوحا: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل جیت لیا۔
دوحا میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے 313 رنز بنائے، بھارت اے کی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی، تلک ورما کی سنچری بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی۔
پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 313 رنز اسکور کیے تھے۔ پاکستانی بیٹنگ میں حسن نواز نے 79، معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، جبکہ شامل حسین نے 33 رنز بنائے۔
فرحان یوسف نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ پاکستان کی جانب سے تین بیٹرز کی نصف سنچریوں کی بدولت ٹیم بھارت اے کے سامنے بڑا ہدف رکھنے میں کامیاب رہی۔
بھارت اے کی جانب سے وپراج نگم، سُریانش، پرنس یادیو اور ہرشت رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی جانب سے اوپنر ابھیشیک شرما نے 70 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان تلک ورما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔ تلک ورما نے 149 گیندوں پر 100 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم ان کی مزاحمت بھی بھارتی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔
بھارتی اننگز کے دوران شہباز احمد نے بھی 49 گیندوں پر 56 رنز بنائے، جس میں چار چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کیں، تاہم علی رضا نے شہباز احمد کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں علی رضا اور حسن نواز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد دانیال نے بھی ایک وکٹ حاصل کی اور کپتان تلک ورما کو آؤٹ کرکے بھارتی اننگز کا خاتمہ کیا۔ روہیل نذیر نے شارٹ فائن لیگ پر دوڑتے ہوئے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔


