کیف: یوکرین نے روس کے خلاف اپنی بحری کارروائیوں کا دائرہ بحیرہ روم تک پھیلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے لیبیا کے ساحل کے قریب روسی بحریہ کے جدید جنگی جہاز کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق یوکرینی ساختہ ڈرونز کی مدد سے روسی جنگی جہاز ’مرکیوری‘ کو نشانہ بنایا گیا، جو بعد ازاں سمندر میں ڈوب گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی روسی بحری بیڑے کے لیے ایک اہم نقصان ہے، کیونکہ مذکورہ جہاز 2023 میں روسی بحریہ میں شامل کیا گیا تھا۔
عرب نیوز کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر اپنے بیان میں کہا کہ یوکرین سمندر کے مخصوص حصوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایک روسی مال بردار جہاز ’ایم وی انگارا‘ کو بھی نشانہ بنانے اور روسی جنگی ہیلی کاپٹر گرانے کا دعویٰ کیا، تاہم ان تمام دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے بن غازی کی بندرگاہ کے قریب ہونے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ مشن نے خبردار کیا کہ ایسے واقعات لیبیا کو وسیع تر علاقائی تنازعات میں دھکیل سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق لیبیا مزید کسی تنازع کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اسے غیر ملکی طاقتوں کے درمیان کشمکش کا میدان نہیں بننا چاہیے۔ تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تحقیقات مکمل ہونے تک غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
ادھر مشرقی لیبیا کی حکومت کے مطابق بن غازی کی بندرگاہ پر لنگر انداز روسی بحری جہاز میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں روسی اور لیبیائی شہریوں سمیت 10 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے والی کمپنی وینٹور نے جہاز کی شناخت روسی بحریہ کے جنگی جہاز مرکیوری کے طور پر کی ہے۔ تصاویر میں جہاز کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا دکھائی دیا۔
مشرقی لیبیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ روسی جہاز واپسی پر ایندھن اور ضروری سامان حاصل کرنے کے لیے بندرگاہ پر رکا تھا۔ حکومت نے واقعے کو ملکی خودمختاری اور بحری سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اسی دوران بن غازی کے ساحل کے قریب مالٹا کے پرچم بردار ایک تجارتی جہاز کو بھی ڈرون کشتی کے ذریعے نشانہ بنانے کی اطلاع سامنے آئی۔ لیبیائی بحری فورسز نے جہاز کے عملے کو بچا لیا، جبکہ بعض افراد معمولی زخمی ہوئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق اسی شام ساحل کے قریب 20 سے زائد ڈرون کشتیوں کو بھی روک لیا گیا۔
مشرقی لیبیا کے وزیراعظم اسامہ حماد نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کی جائیں اور یہ بھی معلوم کیا جائے کہ آیا ڈرون کشتیاں مغربی لیبیا سے آئی تھیں۔ انہوں نے ملک میں یوکرینی ماہرین کی مبینہ موجودگی کی تحقیقات پر بھی زور دیا۔
ان واقعات نے لیبیا میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری کشیدگی کے ممکنہ پھیلاؤ اور بحیرہ روم کی بحری سلامتی سے متعلق نئے خدشات پیدا کردیے ہیں۔


