اہم ترین

ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

بھارتی ٹیم کا کئی برسوں سے لازمی حصہ رہنے والےلیجنڈ کرکٹر وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

روہت شرما نے چند دنوں قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد اب ویراٹ کوہلی نے بھی کرکٹ کے طویل اور صبرآزما فارمیٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہے۔

ویراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی معلومات سوشل میڈیا پر اپنے تمام مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

انہوں نے لکھا کہ پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں بیگی بلیو پہنے 14 سال ہوچکے۔ سچ پوچھیں تو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں کہاں لے جائے گا۔ اس فارمیٹ نے مجھے آزمایا، مجھے اپنت رنگ میں ڈھالا اور مجھے زندگی بھر کے سبق سکھائے۔ سفید کپڑوں میں کھیلنا کچھ خاص ہی احساس ہوتا ہے۔ یہ ایک پرسکون جدوجہد ہے، لمبے دن ہوتے ہیں اور چھوٹے چھوٹے لمحات ہوتے ہیں جنہیں کوئی نہیں دیکھتا، لیکن وہ ہمیشہ کیلئے آپ کے ساتھ رہتے ہیں۔ ‘‘

اپنے فیصلے کے دفاع میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ فارمیٹ سے دور ہونا آسان نہیں لیکن یہ وقت کے لحاظ سے فیصلہ درست ہے۔

ویراٹ کوہلی نے بھارت کے لیے 14 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں 123 ٹیسٹ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 30 سنچریوں اور 31 ففٹیوں کی مدد سے 9230 رنز بنائے۔

ویراٹ کوہلی نے آخری ٹیسٹ میچ آسٹریلیا کے دورے کے دوران بارڈر گواسکر ٹرافی میں کھیلا تھا۔ اس سیریز میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وراٹ کوہلی نے سیریز کے پہلے میچ یعنی پرتھ ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی لیکن اس کے بعد وہ جدوجہد کرتے نظر آئے تھے۔

پاکستان