پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پولیٹیکل کمیٹی نے خیبر پختونخوا (کے پی) اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے صوبائی بجٹ کی بروقت منظوری کے فیصلے کی توثیق کردی۔
سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجٹ کی منظوری اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے مستقبل کے بارے میں عمران خان کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔
بیان کے مطابق مشاہدہ کیا گیا کہ بجٹ تجاویز کی منظوری کے لئے عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا حکام کی بدنیتی ہے ۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے ساتھ وفادار رہتے ہوئے وفاقی حومت کی خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تیار سازش کا شکار ہونے کو تیار نہیں۔
اگر صوبائی اسمبلی بروقت صوبائی بجٹ منظور کرنے میں ناکام رہتی ہے تو مالی ایمرجنسی نافذ کرنے کی آڑ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی ایک حکومت کی زیر قیادت سازش جاری ہے۔اس کے علاوہ بجٹ کی منظوری میں ناکامی کے نتیجے میں مالی ایمرجنسی اور وفاقی حکومت کی طرف سے کے پی حکومت کا بالآخر خاتمہ ہو گا۔
سیاسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے طے کیا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور صوبے کے عوام کے اعتماد جو برقرار رکھا جائے۔ خیبر پختونخوا کے عارضی منظور شدہ بجٹ میں عمران خان سے کسی بھی مرحلے پر ملنے والی ہدایت کے مطابق ترمیم کی جا سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت صوبائی بجٹ یا اسمبلی کے مستقبل کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات کے مطابق عمل کرنے کی پابند ہوگی۔ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے چیئرمین عمران خان سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔