اہم ترین

بھارت نے پاکستانی دریا پر ڈیم بنائے تو جنگ ہوگی اور پھر سارے دریا ہمارے ہوں گے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ بھارت نے پاکستانی دریا پر ڈیم بنائے تو پھر ایک اور جنگ ہوگی۔ اور جنگ کے بعد تمام دریا پاکستان کے ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک بھارت جنگ اور مودی حکومت کے اقدامات پر وزیراعظم نے مجھے اور میری ٹیم کو دنیا میں پاکستان کا موقف اجاگر کرنے کی ذمہ داری سونپی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فخر ہے کہ پاکستان ڈرا اور جھکا نہیں۔ ہم نے جنگ کی اور جیتی۔ ہماری فضائیہ نے بھارت کو شکست دی اور ٓئندہ بھی دیں گے۔ پہلے پاکستان نے اسرائیلی وزیر اعظم کی سستی کاپی کو جنگ میں ہرایا پھر سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔ دنیا مان گئی ہے کہ مسئلہ کشمیر بھی دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد رہاست قرار دلایا جائے لیکن اس کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ اس بیانیے میں بھی بھارت ہار گیا۔ امریکا نے تسلیم کیا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان اہم شراکت دار ہے۔ امریکی صدر نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ظہرانے کی بھی دعوت دی۔ وہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لئے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت 3 دریا بھارت جب کہ 3 پاکستان کے پاس ہیں۔ اس معاہدے کی معطلی غیر قانونی ہے۔ اگر بھارت نے پاکستانی دریا پر ڈیم بنائے تو پھر ایک اور جنگ ہوگی۔ اور جنگ کے بعد تمام دریا پاکستان کے ہوں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر حملہ کیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ تاریخ کا مہنگا ترین حملہ تھا۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایران میں ایٹمی تنصیبات پر حملے کے خطرناک اثرات سامنے آسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فلسطین اور پھر لبنان پر حملہ کیا گیا ، کسی نے کچھ نہیں کہا اور اب اب ایران پر حملہ کیا گیا۔ ہمیں اسرائیل کی رجیم کو روکنا ہوگا۔ اگر اسےنہ روکا تو جب وہ آئیں گے تو کوئی بولنے والا نہیں ہوگا۔

پاکستان