اہم ترین

بابر اعظم پھر ناکام، ورلڈ کپ اسکواڈ میں انتخاب پر سوال اٹھ گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کی موجودہ صورتحال پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، اور ناقدین کے مطابق بابر اعظم کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ میں شامل کرنا ٹیم کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔ آسٹریلیاکے خلاف جاری ٹی20 سیریز میں بابر اعظم کی خراب فارم برقرار ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر بابر اعظم صرف 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس سے پہلے بھی پہلے میچ میں وہ 20 گیندوں پر محض 24 رنز ہی بنا سکے تھے، جس کے بعد ان کے اسٹرائیک ریٹ اور فارم پر تنقید مزید تیز ہوگئی ہے۔

اگرچہ کپتان سلمان آغا نے 40 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا، جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ عثمان خان نے 36 گیندوں پر 53 رنز بنا کر اسکور کو مستحکم کیا۔ شاداب خان نے بھی 28 رنز کا اہم اضافہ کیا، اور پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 198 رنز کا مجموعہ کھڑا کیا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم بگ بیش لیگ 2025-26 میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ انہوں نے 11 میچوں میں صرف 202 رنز بنائے، اوسط 22.44 رہی جبکہ اسٹرائیک ریٹ 103 تھا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان اعداد و شمار کے باوجود انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر کرکٹ حلقوں میں بحث جاری ہے۔

پاکستان