پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی حکومت کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔
ایکس پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ میں ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جب سیاست دروازے بند کردے تو کرکٹ انہیں کھول سکتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ پاکستان انڈیا کے خلاف نہیں کھیل رہا، لیکن میں اپنی حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ آئی سی سی کے لئے یہ وقت ہے کہ وہ صرف بیانات نہیں بلکہ عملی فیصلوں کے ذریعے یہ ثابت کرے کہ وہ ہر رکن کے ساتھ غیر جانبدار، آزاد اور منصفانہ ہے۔
شاہد آفریدی کا یہ موقف اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات کرکٹ اور سیاست دونوں میدانوں میں کشیدہ ہیں، اور آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ تمام ممبران کے ساتھ غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کرے۔









