اہم ترین

بھارت خاموش، پاکستان پُراعتماد: ورلڈ کپ تنازع میں نیا موڑ

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے آئی سی سی کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی اس معاملے پر آئی سی سی سے بات چیت تک مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا، جبکہ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ اسے فی الحال آئی سی سی کو خط لکھنے کی ضرورت نہیں۔۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے آئی سی سی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے اس معاملے پر تفصیلی مؤقف اختیار کیا ہے اور اس میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی بات کی گئی ہے، جس سے بی سی سی آئی مکمل اتفاق کرتا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے براہِ راست بات چیت کے بغیر بی سی سی آئی اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

دوسری جانب، ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا فوری طور پر آئی سی سی کو خط لکھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پی سی بی آئی سی سی کے اتوار کی شب جاری کردہ بیان کو اس بات کا ثبوت سمجھتا ہے کہ عالمی کرکٹ باڈی پاکستان کے مؤقف کو سمجھتی ہے، اس لیے فی الحال مزید وضاحت کی ضرورت نہیں سمجھی جا رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی سرکاری وجوہات تاحال عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں۔ پی سی بی کا واضح مؤقف ہے کہ حکومتی فیصلوں پر کرکٹ بورڈ وضاحت دینے کا پابند نہیں۔

ادھر پاکستان ٹیم اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق 4 فروری کو سری لنکا روانہ ہوگی، جہاں کولمبو میں آئرلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنے گروپ میچ سے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی۔

پاکستان