پاکستان نے ٹی 20ورلڈ کپ میں اپنے دوسرےگروپ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اب اسکا اگلا مقابلہ بھارت سے 15 فروری کو کولمبو میں ہی ہوگا۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ جو انہیں لےڈوبا۔
پاکستان نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور امریکا کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں امریکا کی ٹیم 158 رنز بناسکی۔
صاحبزادہ فرحان کی بیٹنگ
امریکا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ دونوں نے روایتی پاکستانی اوپننگ اسٹائل کو ایک طرھ رکھ کر تیزی سے رنز بٹورنا شروع کردیئے۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے 5 اوورز میں ہی ٹیم کی ففٹی مکمل کی جس کےلیے صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے جبکہ صائم نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
پاکستان کو پہلا نقصان 54 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 17 گیندں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ دو رنز کے اضافے کے بعد ایک رن بنانے والے کپتان سلمان علی آغا 56 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم کے ساتھ صاحبزادہ فرحان نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور 27 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں کھلاڑیوں نے 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔
فرحان اور بابر کے درمیان 53 گیندوں پر 81 رنز کی پارٹنر شپ بنی جو 137 رنز پر تمام ہوئی جہاں بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ دوسری وکٹ کی طرح ثابت ہوئی اور 6 رنز کے اضافے کے بعد قومی ٹیم کو چوتھا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شاداب خان آئے اور 12 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی طرف بڑھایا۔ انہوں نے محمد نواز کے ساتھ مل کر 34 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ شاداب 177 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چھٹی، ساتویں اور آٹھویں وکٹوں پر مجموعی طور پر 3 رنز بڑھے، تاہم آخر اوور میں شاہین چھکا لگا کر ٹیم کا ٹوٹل 190 رنز تک پہنچایا۔
عثمان طارق کی اچھی بولنگ
ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز اچھا رہا، حریف ٹیم کی پہلی وکٹ 42 رنز پر گری جب آندریس گوس 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 53 پر دوسری اور 69 رنز پر امریکا کی تیسری وکٹ گری۔ تاہم پاکستانی بولرز کو چوتھی وکٹ کےلئے 54 رنز دینا پڑے۔
پاکستانی بولرز نے پھر کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے وکٹیں لیں اور امریکا کو 158 رنز تک محدود رکھا۔ امریکا کی جانب سے شبھم رنجانے نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شایان جہانگیر 49 رنز بنا کر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔










