بالی ووڈ اداکارہ بھومی پڈنیکر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں ایسے بڑے فلمی پراجیکٹس بھی ٹھکرا دیے ہیں جن کا بجٹ 300 سے 350 کروڑ روپے تک تھا۔ ان دنوں بھومی اپنی نئی کرائم تھرلر ویب سیریز دلدل کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جہاں ان کی اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
بھومی پڈنیکر گزشتہ 11 برسوں سے ہندی فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں اور اپنے کیریئر میں کئی یادگار کردار ادا کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی پہلی فلم ’دم لگا کے ہئیشا‘ کے لیے 25 کلو وزن بڑھا کر یہ ثابت کیا کہ وہ کردار کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں۔
حال ہی میں مڈ ڈے نامی نیوز ویب سائیٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھومی نے بتایا کہ اگرچہ انہیں بھاری بجٹ کی فلموں کی پیشکش ہوئی، لیکن بعض کردار ان کے موجودہ کام اور سوچ سے مطابقت نہیں رکھتے تھے، اسی لیے انہوں نے ان فلموں کو کرنے سے انکار کر دیا۔
بھومی کا کہنا تھا کہ میں نے 300–350 کروڑ بجٹ والی فلموں کے آفرز بھی مسترد کیے ہیں، کیونکہ میں جس طرح کا کام اس وقت کر رہی تھی، ان فلموں سے اس کا تال میل نہیں بیٹھ رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عملی سوچ رکھنا اور کیریئر کی ترقی کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ مجھے اپنا گھر بھی چلانا ہے، اور صرف گھر ہی نہیں، میں چاہتی ہوں کہ میرا کیریئر بھی مسلسل آگے بڑھتا رہے۔
بھومی کے مطابق مواقع پہلے ہی محدود ہیں، اس لیے ہر فیصلے میں توازن اور سمجھ داری ضروری ہے۔











