ہدایتکار فرحان اختر کی آنے والی فلم ڈان 3 کافی عرصے سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب فلم سے رنویَر سنگھ کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں، تو شائقینِ فلم کے درمیان قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ شاید ان کی جگہ ہرتیک روشن کو کاسٹ کیا جا رہا ہے۔
فرحان اختر کی ڈان اور ڈان 2 میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، فلم سازوں نے ڈان 3 کا اعلان رنویَر سنگھ کے ساتھ کیا تھا۔ تاہم رپورٹس کے مطابق اپنی ریکارڈ توڑ فلم دھرندر کی کامیابی کے بعد رنویَر سنگھ نے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا تاکہ وہ ہدایتکار جے مہتا کے ساتھ اپنی نئی فلم پر توجہ دے سکیں۔
رنویرسنگھ کےفلم سےالگ ہونےکے بعد افواہیں پھیلی تھیں کہ اب ڈان کا کردار ہرتھیک روشن کریںگے۔ اب خود ہرتھیک روشن نے ان تمام افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویوکے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ڈان 3 کا حصہ نہیں بن رہے اور نہ ہی کبھی انہیں اس فلم کے لیے رابطہ کیا گیا۔
اداکار نے کہا کہ میں واضح طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے کسی بھی مرحلے پر ڈان 3 کے لیے اپروچ نہیں کیا گیا۔ میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کیا جائے۔ ایک بے ضرر افواہ وقت کے ساتھ اتنی پھیل گئی کہ حقیقت بیان کرنا ضروری ہو گیا۔
دوسری جانب ہرتھیک روشن جلد ہی کرش 4 میں نظر آئیں گے، جو ان کے کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہو گی۔ یہ فلم ان کی ہدایتکاری میں پہلی فلم بھی ہو گی۔ ان کے والد راکیش روشن نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس بار ہدایتکاری کی ذمہ داری اپنے بیٹے کو سونپ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہرتیک اب پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ رہے ہیں۔ ان کی پروڈکشن کمپنی کے تحت پہلی فلم اسٹورم بنائی جا رہی ہے۔











