اہم ترین

بہتر پرائیویسی، اسموٹھ ڈیزائن اور بڑے اسکرین فیچرز : اینڈرائیڈ 17 کی تفصیلات لیک

گوگل کے اگلے بڑے سافٹ ویئر اپڈیٹ اینڈرائیڈ 17 سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی اس بار اپڈیٹ کو طے شدہ وقت سے پہلے جاری کر سکتی ہے۔ اینڈرائیڈ 17 کا کوڈ نیم “سینامن بن” بتایا جا رہا ہے اور اس کی ڈیولپمنٹ تیزی سے جاری ہے۔

ٹیک کرنچ کے مطابق اینڈرائیڈ 17 کا بیٹا ورژن فروری کے آخر یا مارچ 2026 کے آغاز میں جاری ہوسکتا ہے، جبکہ اسٹیبل ورژن جون 2026 تک رول آؤٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ روایتی طور پر سب سے پہلے اپڈیٹ گوگل کے پکسل ڈیوائسز کو ملے گا، جس کے بعد دیگر برانڈز اپنی اپڈیٹ پالیسی کے مطابق اسے جاری کریں گے۔

لیک اطلاعات کے مطابق اینڈرائیڈ 17 میں مکمل ڈیزائن تبدیلی کے بجائے انٹرفیس کو زیادہ اسموٹھ اور ریسپانسیو بنایا جائے گا۔ نوٹیفکیشن شیڈ کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے جبکہ وال پیپر کے مطابق تبدیل ہونے والے آئیکنز متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ بہتر ملٹی ونڈو سپورٹ، ٹاسک بار اسٹائل انٹرفیس، اور کی بورڈ و ماؤس کے لیے بہتر کمپیٹیبلٹی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ لاک اسکرین ویجٹس کی واپسی بھی متوقع ہے، جس سے صارفین فون ان لاک کیے بغیر اہم معلومات دیکھ سکیں گے۔

اینڈرائیڈ 17 میں پرائیویسی اور سیکیورٹی فیچرز کو مزید مضبوط بنانے کی تیاری ہے۔ بیک گراؤنڈ ایپس پر زیادہ کنٹرول، بہتر انٹروژن لاگنگ ٹولز اور ڈیٹا ایکسیس کی نگرانی جیسے فیچرز شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کی بورڈ کسٹمائزیشن کے نئے آپشنز بھی دیے جا سکتے ہیں تاکہ صارف کا تجربہ بہتر ہو۔

اگرچہ گوگل نے ابھی تک باضابطہ فہرست جاری نہیں کی، تاہم موجودہ پالیسی کے تحت پکسل 6 سیریز اور اس کے بعد آنے والے ماڈلز کو یہ اپڈیٹ ملنے کا امکان ہے۔ آئندہ آنے والی پکسل 11 سیریز ممکنہ طور پر اسی نئے ورژن کے ساتھ لانچ ہوگی۔

اسی طرح سام سنگ کی گلیکسی ایس 23، ایس24، ایس 25 اور متوقع ایس 26 سیریز، گلیکسی زی فولڈ ماڈلز، ون پلس 11، 12، 13 اور اوپن، شیاؤمی 14 اور 15 سیریز، بعض ریڈمی نوٹ پریمیم ماڈلز اور موٹرولا ایج و ریزر فولڈیبل ڈیوائسز بھی اس اپڈیٹ کے اہل ہوسکتے ہیں۔

پاکستان