ویسٹ انڈیز نے گروپ میچ میں نیپال کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ میں کے سپر ایٹ مرحلے میں داخل ہونے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ممبئی کے وانکھیڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیپال کو 9 وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی۔
نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، لیکن کیریبین بیٹرز نے ہدف صرف 15.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کپتان شائے ہوپ نے ناقابل شکست 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ انہوں نے شمرون ہیٹمیئر کے ساتھ مل کر 91 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ ہیٹمائر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے بولرز نے نیپال کی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا۔ جیسن ہولڈر نے چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے، جبکہ میتھیو فورڈی نے کفایتی باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 10 رنز دیے۔
نیپال کی جانب سے دیپیندر سنگھ آئیری نے 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ اس ناکامی کے بعد نیپال ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز اب سپر ایٹ مرحلے میں 23 فروری کو ممبئی میں اپنا پہلا میچ کھیلے گا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری مقابلہ اٹلی کے خلاف کولکتہ میں ہوگا۔










