اہم ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں کولمبو میں ہونے والے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔ میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کی دعوت پر بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔

176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی تلک ورما کے ساتھ دوسری وکٹ پر 87 رنز کی شراکت نے بھارتی اننگز کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا، عثمان طارق اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی۔ ابتدائی 34 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی۔ عثمان خان نے 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، ورون چکرا ورتھی اور جسپریت بمراہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی اننگز میں تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ صرف تین بلے باز ڈبل فگر تک پہنچ سکے۔

یوں بھارت نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر گروپ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان