اہم ترین

اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ مکمل

اسلام آباد کے مختلف بڑے اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جہاں انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ رکنی ٹیم میں سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ ٹیکنیشنز بھی شامل تھے اور معائنہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ ڈاکٹروں نے بالخصوص آنکھوں کا معائنہ کیا جبکہ مکمل میڈیکل رپورٹ آج ہی تیار کرکے حکومت کو ارسال کی جائے گی۔

یہ اقدام سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیا گیا، جس نے 16 فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔

حکومتی دعوت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا کوئی نمائندہ جیل نہیں پہنچا۔ میڈیکل ٹیم مبینہ طور پر دوپہر ڈھائی بجے سے پی ٹی آئی کے نمائندوں کی آمد کی منتظر رہی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مطالبہ سادہ ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے اور اسی مقصد کے لیے احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ناصر عباس اور محمود اچکزئی کو ذمہ داریاں سونپی ہیں اور پارٹی قیادت ان کی ہدایات کے مطابق عمل کرے گی۔ اگر ضرورت پڑی تو وہ اکیلے بھی احتجاج جاری رکھیں گے۔

پاکستان