اہم ترین

رمضان سے قبل عوام پر مہنگائی کا بم، پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا

اسلام آباد: حکومت نے رمضان المبارک سے ایک ہفتہ قبل عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈال دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 فروری سے فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارشات پر 15 روزہ نظرِ ثانی کے بعد کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور بجلی کی پیداوار کی لاگت بڑھے گی، جس کا براہِ راست اثر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر پڑے گا۔

رمضان المبارک کے قریب ایندھن کی قیمتوں میں اس اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب شہری پہلے ہی بجلی اور گیس کے مہنگے ٹیرف اور محدود آمدنی سے پریشان ہیں۔

پاکستان