اہم ترین

میرے اختیار میں ہو تو شاہین، شاداب اور بابر کوباہر بٹھادوں: شاہد آفریدی

ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی حکمتِ عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا مشورہ دے دیا ہے۔

پاک بھارت میچ کے بعد سما تی وی پر پروگرام کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میچ کا کنٹرول آغاز سے ہی بھارتی ٹیم کے پاس چلا گیا تھا، جس کا دباؤ پاکستانی بیٹنگ پر صاف نظر آیا۔

ان کے مطابق بیٹنگ لائن نے شائقین کو مایوس کیا اور ٹیم کی مجموعی حکمتِ عملی کمزور دکھائی دی۔ انہوں نے اپنے داماد شاہین آفریدی سمیت بابر اعظم اور آل راؤنڈر شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں اگلے میچ میں نئے لڑکوں کو موقع دوں، انہیں کھلاؤں اور اعتماد دوں۔

آفریدی کے مطابق موجودہ کارکردگی کے تناظر میں بعض نوجوان کھلاڑی سینیئرز سے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔اب اگر اتنے سینئر کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے تو پھر باہر بیٹھے جونیئر کو کھلائیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہم جب تک ڈومیسٹک کرکٹ مضبوط نہیں کریں گے، اپنے کھلاڑیوں کی گرومنگ نہیں کریں گے، ان کی اسکلز پر کام نہیں کریں گے تو یہیں بیٹھے رہیں گے۔

پاکستان