اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے مطابق ایران نے اطلاع دی ہے کہ منگل کی شام ملک کے واحد فعال بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے احاطے میں ایک پروجیکٹائل آ کر گرا۔ تاہم اس واقعے کے نتیجے میں پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی عملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے جاری بیان میں جاری کشیدگی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے واقعات کسی بڑے جوہری حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
بوشہر پاور پلانٹ، جو جنوب مغربی ایران میں واقع ہے، ملک کا واحد فعال جوہری ری ایکٹر ہے اور 2011 میں اسے قومی گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔









