فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے مذہبی جذبات کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہلِ تشیع مکتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی میں علما کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ علما اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، خصوصاً گمراہ کن معلومات، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے میں۔ انہوں نے آپریشن “غضبُ اللحق” کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ فیلڈ مارشل نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
ملاقات میں شریک علمائے کرام نے ملک میں امن و استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مذہب کے نام پر تشدد کی سخت مذمت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔








