پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ جب کہ ایونٹ کے میچز صرف کراچی اور لاہور میں ہی ہوں گے۔
پی ایس ایل کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہورہا ہے۔۔ اس سلسلے میں 23 مارچ سے کھلاڑی لاہور پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ تاہم پاکستان کے مغرب میں جنگی صورت حال کے پیش نظر پی ایس ایل 11 کے حوالے سے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سے متعلق مشاورت جاری تھی، پتہ نہیں جنگ کب تک چلتی ہے۔ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی برانڈ ہے، جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، خطے کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل11 شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہو گا۔ تاہم افتتاحی تقریب کو منسوخ کردیا ہے، جس سے اخراجات زیادہ نہیں ہوں گے۔ پی ایس ایل میچز صرف 2 شہروں کراچی اور لاہور میں ہوں گے،
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل میچ بغیر شائقین کے کررہے ہیں۔ فرنچائزز کو گیٹ منی پی سی بی دے گا، جس میں ٹیموں کی موومنٹ کم سے کم ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فینز ٹکٹ کے پیسے واپس لے سکیں گے، فینز سے معذرت خواہ ہیں، دعا ہے خطے کے حالات جلد معمول پر آجائیں، پی سی بی کے فل ٹائم لوگ پی ایس ایل میں نہیں جا سکتے، پارٹ ٹائم لوگ پی ایس ایل کی ٹیموں کے ساتھ کام کر سکیں گے۔


