اہم ترین

چیلنجز کے باوجود معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا: وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہناہےکہ بہت سے چیلنجز کے باوجود الحمدللہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ افراطِ زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کا ثبوت ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پروزیراعظم نےاپنےپیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کے تاریخی دن، قراردادِ لاہور نے مسلمانوں کو وہ عزم بخشا کہ محض سات سال کی قلیل مدت میں 14 اگست 1947 کو ہمارے آباؤ اجداد قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں ایک علیحدہ وطن پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد اپنی پروقار تاریخ میں ہماری قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایک نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا ہمارا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے۔ درخشندہ مستقبل کی جانب یہ سفر آج بھی جاری ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہمیں ثابت قدمی، انتھک محنت اور ایک اجتماعی لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ بہت سے چیلنجز کے باوجود، الحمدللہ، ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ افراطِ زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کا ثبوت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرعزم اور متحد قوم جب ایک مقصد کے لیے ڈٹ جائے تو اسکے سامنے کوئی چیلنج ناقابلِ تسخیر نہیں رہتا۔ ہم لازوال جذبے، انتھک محنت اور مشترکہ جدوجہد کے ساتھ مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔

پاکستان