اہم ترین

عوام بچت مہم میں ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں: وزیراعظم

اسلام آباد میں ایندھن بحران کے خدشات کے پیش نظر بڑا حکومتی ایکشن سامنے آ گیا، جہاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے اور تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے غیر معمولی فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ عالمی کشیدگی کے باوجود حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روکا، جبکہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے عوام کو براہ راست مہنگائی کے اثرات سے بچایا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں تیل کی کوئی قلت نہیں، نہ ہی لمبی قطاریں یا بدانتظامی دیکھنے میں آئی، جسے حکومتی کارکردگی کا واضح ثبوت قرار دیا گیا۔ مزید یہ کہ اپریل کے لیے پیٹرول کی درآمد کا مکمل انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیں تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے۔

حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے ایک بڑی سہولت کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت رجسٹریشن کو ڈیجیٹل بنانے اور مستقبل میں فیول سپورٹ پروگرام کے ذریعے براہ راست ریلیف دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

پاکستان