اہم ترین

لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں نامناسب رویے پر حسن علی کو جرمانہ

پی ایس ایل 11 کے دوران لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران کراچی کنگز کے حسن علی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران حسن علی نے لاہور قلندرز کے بیٹر حسیب اللہ کو آؤٹ کرکے جشن کے دوران ایسا انداز اپنایا جو ضابطہ اخلاق کے منافی قرار پایا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی کنگز کے فاسٹ بولر نے میچ کے دوران نامناسب رویہ اختیار کیا، جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حسن علی نے میچ ریفری کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔

بورڈ کے مطابق کھلاڑی کو لیول ون کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جس کے تحت مخالف کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد اکسانے کے لیے غیر مناسب زبان، حرکات یا اشارے کرنا شامل ہے۔ اس خلاف ورزی پر ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو میدان میں اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار رکھنا چاہیے اور قواعد و ضوابط کی پاسداری ہر صورت یقینی بنانی ہوگی۔

پاکستان