اہم ترین

پی ایس ایل 11: گیند سے چھیڑ چھاڑ پرفخر زمان پر 2میچز کی پابندی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ ثابت ہونے پر فخر زمان پر دو میچز کی پابندی لگادی۔

پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں 29 مارچ کو پہلی مرتبہ قذافی اسٹیڈیم میں روایتی حریف لاہور قلندرز اورکراچی کنگز آمنے سامنے تھے۔

میچ کے آخری لمحات میں جب کراچی کنگز کو ایک اوور میں فتح کے 14 رنز درکار تھے۔ فخر زمان ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے درمیان گیند کا تبادلہ ہوا۔

اسی دوران گیندکا جائزہ لینے کئے بعد آن فیلڈ امپائرز نے گیند سے چھیڑ چھاڑ پر لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنلٹی عائد کی اور کراچی کنگز کی اننگز کے آخری اوور سے قبل گیند بھی تبدیل کی گئی۔

آن فیلڈ امپائرز شاہد سیکت، فیصل خان آفریدی، ٹی وی امپائر آصف یعقوب اور چوتھے امپائر طارق رشید نے فرد جرم عائد کی۔ فخر زمان نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے باضابطہ سماعت میں اس کا دفاع کیا۔

میچ ریفری روشن ماہنامہ نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور فخر زمان کو ذاتی مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، ٹیم ڈائریکٹر سمین رانا اور ٹیم منیجر فاروق انور بھی موجود تھے۔

پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ فخر زمان کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دو میچز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی انہیں لیول تھری جرم کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد کی گئی، جو کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کے تحت آتا ہے۔

فخر زمان تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں پی ایس ایل 11 میں کسی بھی نوعیت کی سزا سنائی گئی ہے۔

اس سے پہلے نسیم شاہ کو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریمنواز سے متعلق پوسٹ کرنے پر 2 کروڑ روپے ور شاہی شاہ آفریدی کو سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانے ہوچکے ہیں۔

پاکستان