کرکٹ آسٹریلیا نے 2026-27 سیزن کے لیے 21 کھلاڑیوں پر مشتمل مرکزی کنٹریکٹ لسٹ جاری کر دی ہے، جس میں چند حیران کن نام بھی سامنے آئے ہیں۔ آسٹریلیا نے آنے والے سخت ٹیسٹ شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے تجربہ اور استحکام کو ترجیح دی ہے، چاہے اس کے لیے بڑے ناموں کو ہی کیوں نہ قربان کرنا پڑا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرکزی کنٹریکٹ لسٹ میں نوجوان اوپنر سیم کونٹاس اور تجربہ کار آل راؤنڈر گلین میکسویل کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ خاص طور پر کونسٹاس کی جگہ 31 سالہ جیک ویدریلڈ کو شامل کیا جانا ایک بڑا فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
آسٹریلیا کو آئندہ 12 ماہ میں 20 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، جس کے پیش نظر سلیکٹرز نے ٹیسٹ اور ملٹی فارمیٹ کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت وائٹ بال اسپیشلسٹ میٹ شارٹ کو بھی فہرست سے نکال دیا گیا۔
مزید برآں، ریٹائر ہونے والے عثمان خواجہ اور زخمی فاسٹ بولر لانس مورس بھی کنٹریکٹ لسٹ کا حصہ نہیں ہیں۔
سب سے حیران کن فیصلہ فاسٹ بولر جھائی رچرڈسن کو نظر انداز کرنا تھا، جو حال ہی میں ایشز ٹیسٹ میں واپسی کر چکے تھے اور انہیں مستقبل کا اہم کھلاڑی سمجھا جا رہا تھا۔
دوسری جانب، سلیکٹرز نے ایشز جیتنے والی ٹیم کے بولرز برہنڈن ڈگیٹ اور مائیکل نیسرپر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کنٹریکٹ دے دیا۔
چیئرمین سلیکٹرز جارج بیلے نے کہا کہ آنے والا سال مختلف کنڈیشنز اور چیلنجز سے بھرپور ہوگا، اسی لیے ٹیم میں ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
آسٹریلیا اگست میں اپنے سیزن کا آغاز بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز سے کرے گا، جس کے بعد زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دورے بھی شیڈول ہیں۔ سیزن کا اختتام تاریخی 150 ویں سالگرہ ٹیسٹ پر ہوگا جو انگلینڈ کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔









